سابق رکن پارلیمنٹ بنواری لال کو عدالت نے 28 سال پرانے معاملہ میں سنائی 3 سال کی سزا

معاملہ 12 اگست 1998 کا ہے، جب لکھنؤ کے حضرت گنج علاقہ میں واقع ’ویاپار ٹیکس بھون‘ میں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ الزام تھا کہ وہاں افسران کے ساتھ مار پیٹ کی گئی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

سابق رکن پارلیمنٹ بنواری لال کو عدالت نے 28 سال پرانے معاملہ میں سنائی 3 سال کی سزا

لکھنؤ کی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے راجیہ سبھا کے سابق رکن بنواری لال کنچھل کو 28 سال پرانے معاملے میں 3 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ان کے ساتھ حکم چند اگروال اور دیش راج اگروال کو بھی عدالت نے 3-3 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ تینوں کو 12 اگست 1998 کو حضرت گنج واقع ’ویاپار ٹیکس بھون‘ میں مارپیٹ، توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعہ میں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ اس معاملے میں 19 نومبر کو عدالت نے تینوں ملزمین کو قصوروار قرار دیا تھا۔ منگل کو عدالت میں سزا کے معاملے پر سماعت ہوئی، جس کے بعد تینوں کو سزا سنائی گئی۔

یہ معاملہ 12 اگست 1998 کا ہے، جب لکھنؤ کے حضرت گنج علاقہ میں واقع ’ویاپار ٹیکس بھون‘ میں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ الزام تھا کہ وہاں افسران کے ساتھ مار پیٹ کی گئی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ اس دوران سرکاری گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی اور ایک سرکاری گاڑی کو آگ بھی لگا دی گئی تھی۔ واقعہ کے بعد بھون میں ہنگامہ آرائی اور تشدد کے سلسلے میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ تقریباً 28 سال پرانے اس معاملے میں اب عدالت نے سابق رکن پارلیمنٹ سمیت 3 ملزمین کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنائی ہے۔

اس معاملے میں اس وقت کے اسسٹنٹ کمشنر ایم ایم کٹیار کی تحریری شکایت پر حضرت گنج تھانہ میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ شکایت میں ’ویاپار ٹیکس بھون‘ میں افسران کے ساتھ مار پیٹ، سرکاری گاڑیوں میں توڑ پھوڑ اور ایک گاڑی کو آگ لگانے کا الزام لگایا گیا تھا۔ پولیس نے اس واقعے سے متعلق مقدمہ درج کر کے جانچ اور قانونی کارروائی شروع کی تھی۔ معاملہ عدالت میں پہنچنے کے بعد طویل عرصہ تک سماعت جاری رہی اور بالآخر 19 نومبر کو تینوں ملزمین کو قصوروار قرار دیا گیا۔

قصوروار قرار دیے جانے کے بعد عدالت میں سزا کے معاملے پر سماعت ہوئی، جس میں بنواری لال کنچھل، حکم چند اگروال اور دیش راج اگروال کو 3-3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ سزا سنائے جانے کے بعد قصورواروں کے وکلا کی جانب سے عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست بھی داخل کی گئی ہے۔ اب اس معاملے میں عبوری ضمانت کی درخواست پر قانونی کارروائی آگے بڑھے گی۔ تقریباً 28 سال پرانا یہ معاملہ عدالتی فیصلہ کے ساتھ اب ایک اہم مرحلے پر پہنچ گیا ہے۔