روس نے 24 گھنٹوں میں یوکرین پر کیے 843 حملے

روسی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرین کے زاپوریزیا خطے میں 843 حملے کیے۔ ان حملوں میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور دیگر 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

روس نے 24 گھنٹوں میں یوکرین پر کیے 843 حملے

روس اور یوکرین کے مابین جاری جنگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ روسی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرین کے زاپوریزیا خطے میں 843 حملے کیے۔ ان حملوں میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور دیگر 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ علاقائی گورنر کے مطابق روسی فوج نے ایک ہی دن میں زاپوریزیا شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔ مجموعی طور پر 47 قصبوں اور آبادیوں پر 843 حملے کیے گئے۔ یوکرین کے ڈائمر پر روسی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ روس کے تاتارستان خطے میں بھی ڈرون حملے ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں تیل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

اس سے قبل لیبیا کے بحری اڈے پر ایک روسی جنگی جہاز کو یوکرین کے مشتبہ ڈرون حملے میں نقصان پہنچا تھا۔ اتوار کے روز مشرقی لیبیا کے بن غازی بحری اڈے پر یوکرین کے مشتبہ ڈرون حملے میں روسی بحریہ کے جنگی جہاز مرکیوری کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ اس حملے کے بعد بحری اڈے میں آگ لگ گئی۔ لیبیا کے 2 فوجی عہدیداروں کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مغربی لیبیا میں یوکرینی افواج کے زیرانتظام اڈے سے جہاز پر کئی یوکرینی بحری ڈرون داغے گئے تھے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کم از کم 4 ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا گیا، جبکہ 2 ڈرون جنگی جہاز سے ٹکرا گئے۔ یہ عہدیدار لیبیا کی نیشنل آرمی سے وابستہ تھے، جو مشرقی اور جنوبی لیبیا پر کنٹرول رکھتی ہے۔

مشرقی لیبیا کی انتظامیہ نے بیان میں کہا ہے کہ اتوار کے حملے کے نتیجے میں بحری اڈے پر دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی، بعد میں آگ پر قابو پایا گیا۔ المصر سیٹلائٹ ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی فوٹیج میں ایک جہاز سے آگ کے شعلے اٹھتے نظر آئے۔ چینل کے مطابق لیبیا کی بحریہ نے مالٹا کے پرچم والے جہاز کے عملے کو بچا لیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ جہاز روس اور مشرقی لیبیا کی انتظامیہ کے درمیان تعاون کے معاہدے کے تحت ایندھن بھرنے اور رسد حاصل کرنے کے لیے بحری اڈے پر رکا تھا۔ حملے کے حالات، اس کے ماخذ اور اس کے پیچھے موجود فریق کا پتہ لگانے کے لیے روس کے ساتھ مشترکہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اتوار کی شام مقامی میڈیا نے بتایا کہ ایک الگ حملے میں بنغازی بندرگاہ کے قریب مالٹا کے پرچم والے ایک تجارتی جہاز کو ایک اور بحری ڈرون نے نشانہ بنایا۔ المصر کے مطابق بحریہ اور فضائیہ نے بحیرۂ روم کے اس شہر کے قریب کم از کم 12 بحری ڈرون تباہ کر دیے۔