ایران: خاتون گلوکارہ کو بغیر حجاب آن لائن کنسرٹ میں شرکت کے لیے لگائے گئے 74 کوڑے، پوری ٹیم کو ملی سزا
پرستو احمدی کے علاوہ ان کی کنسرٹ ٹیم کے چاروں اراکین کو بھی 74-74 کوڑے مارنے کی سزا دی گئی۔ ان میں کنسرٹ کے منتظم محسن لشکری اور موسیقار سہیل فقیہ ناصری، امین طاہری اور امیر علی پیرنیا شامل ہیں۔
ایران میں خواتین کے لیے عوامی مقامات پر حجاب لازمی ہے، اور اس کی خلاف ورزی پر سزا دیے جانے کی خبریں اکثر سامنے آتی ہیں۔ حجاب قانون کی خلاف ورزی کا تازہ معاملہ ایک ایرانی خاتون گلوکارہ سے جڑا ہوا ہے۔ حجاب کے بغیر آن لائن کنسرٹ میں شرکت کرنے والی گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کی ٹیم کے 4 اراکین کو سخت سزا سنائی گئی ہیں۔ اس جرم کے لیے پرستو احمدی کو 74 کوڑے مارے گئے اور اس کے علاوہ ان کے کام اور سفر پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
دفاعی وکیل مصطفیٰ نیلی کے مطابق پیر کو انسانی حقوق کی تنظیم ’ایران ہیومن رائٹس‘ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وکیل کے حوالے سے اس کی اطلاع دی۔ وکیل مصطفیٰ نیلی نے ’امتداد‘ کو بتایا کہ پرستو احمدی کو قم واقع استغاثہ کے دفتر کے سزا پر عمل درآمد کرنے والے شعبہ میں کوڑے مارے گئے۔ عدالت نے انہیں عوامی شائستگی کو مجروح کرنے کا قصوروار قرار دیا تھا۔ گلوکارہ کے علاوہ ان کی کنسرٹ ٹیم کے چاروں اراکین کو بھی 74-74 کوڑے مارنے کی سزا دی گئی۔ ان میں کنسرٹ کے منتظم محسن لشکری اور موسیقار سہیل فقیہ ناصری، امین طاہری اور امیر علی پیرنیا شامل ہیں۔ کوڑے مارنے کی سزا کے ساتھ ساتھ ان پانچوں افراد پر اگلے 2 سال تک کسی بھی فنکارانہ یا موسیقی سے متعلق سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان پر 2 سال کی سفری پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔
یہ تنازعہ دسمبر 2024 میں یوٹیوب پر جاری کیے گئے ’کاروان سرائے کنسرٹ‘ کی ویڈیو کے بعد شروع ہوا تھا۔ اس ویڈیو میں پرستو احمدی بغیر حجاب پہنے گانا گاتی نظر آ رہی تھیں اور ان کے ساتھ مرد موسیقار بھی موجود تھے۔ اس کنسرٹ کی شوٹنگ قم کے قریب ’دیر گچین کاروان سرائے‘ میں کی گئی تھی۔ فارسی زبان میں ’کاروان سرائے‘ ان قدیم قلعہ بند سراؤں کو کہا جاتا ہے، جن کا استعمال ماضی میں مسافر اور تاجر قیام کے لیے کیا کرتے تھے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ قم شیعہ طبقہ کا ایک اہم مقدس شہر ہے، جہاں کئی اسلامی مدارس موجود ہیں اور اسے مذہبی قدامت پسندی کا قلعہ تصور کیا جاتا ہے۔