ہیرو سی ایم ڈی پون منجال پر ای ڈی کی کارروائی، دہلی میں 25 کروڑ کے اثاثے ضبط
ہیرو موٹو کارپ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر پون منجال کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ یہ کارروائی اسی تفتیش کے ایک حصے کے طور پر کی گئی ہے
نئی دہلی: آٹوموبائل کمپنی ہیرو موٹو کارپ کے سی ایم ڈی اور چیئرمین پون منجال پر ای ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے، دہلی میں ان کی 3 غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لیں، جن کی قیمت تقریباً 25 کروڑ روپے ہے۔ ای ڈی کی یہ کارروائی منی لانڈرنگ کیس کی جاری تحقیقات سے متعلق بتائی جاتی ہے۔
ای ڈی پہلے ہی ہیرو موٹو کارپ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر پون کانت منجال کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ جائیداد قرق کرنے کی تازہ کارروائی اسی تحقیقات کا حصہ ہے۔ تازہ ترین کارروائی میں ای ڈی نے دہلی میں واقع تین جائیدادوں کو ضبط کیا ہے، جن کی مجموعی قیمت 24.95 کروڑ روپے ہے۔ اس سے پہلے بھی پون منجال کی کچھ جائیدادیں ضبط کی جا چکی ہیں۔ اب تک ان کی کل 50 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کی جا چکی ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ اس نے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر جانچ شروع کی ہے۔ ڈی آر آئی نے کسٹم ایکٹ کی دفعہ 135 کے تحت منجال اور دیگر کے خلاف شکایت درج کرائی ہے، جس کا تعلق غیر ملکی کرنسی کو ہندوستان سے باہر لے جانے سے ہے۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ منجال اور دیگر نے غیر قانونی طور پر 54 کروڑ روپے کی غیر ملکی کرنسی ملک سے باہر لے گئے۔