ہریانہ: وی ایچ پی کی شوبھا یاترا کے دوران دو گروپوں میں تصادم، گاڑیاں نذرِ آتش، کئی افراد زخمی

تصادم کے دوران مشتعل لوگوں نے کئی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا، اس کے بعد پورے علاقے میں دہشت جیسے حالات بن گئے، کشیدگی کو دیکھتے ہوئے کثیر تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے۔

ہریانہ: وی ایچ پی کی شوبھا یاترا کے دوران دو گروپوں میں تصادم، گاڑیاں نذرِ آتش، کئی افراد زخمی

ہریانہ کے نوح ضلع میں آج وی ایچ پی کی شوبھا یاترا کے دوران زبردست تصادم دیکھنے کو ملا، جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوح کے میوات میں شوبھا یاترا کے دوران دو گروپ آمنے سامنے آ گئے اور دونوں میں تصادم ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی راؤنڈ گولیاں بھی چلیں اور متعدد گاڑیوں کے ساتھ توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ اس تصادم میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق تصادم کے دوران مشتعل لوگوں نے کئی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا۔ اس کے بعد پورے علاقے میں دہشت جیسے حالات بن گئے۔ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے کثیر تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ موقع پر پہنچی پولیس فورس حالات کو قابو میں کرنے کی لگاتار کوششیں کر رہی ہے۔

ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برج منڈل یاترا کے دوران ہندو تنظیموں وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے لوگوں پر میوات میں پتھراؤ کیا گیا۔ یہ برج منڈل یاترا (شوبھا یاترا) جب شیو مندر کے پاس پہنچی تو وہاں پر دو گروپوں کے درمیان ہنگامہ شروع ہو گیا۔ کچھ شرارتی عناصر نے یاترا میں شامل لوگوں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ اس عمل سے یاترا میں شامل لوگ مشتعل ہو گئے۔ چونکہ بڑی تعداد میں لوگ سڑک پر موجود تھے، اس لیے دونوں ہی جانب سے پتھر بازی شروع ہو گئی۔