کرکٹ عالمی کپ: ریکارڈ سے بھرپور مقابلے میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنوں سے ہرایا
جنوبی افریقہ نے 50 اوورس میں 428 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، جواب میں سری لنکائی ٹیم 44.5 اوورس میں ہی 326 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
کرکٹ عالمی کپ 2023 کے چوتھے مقابلے میں آج جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے بلے بازوں نے رنوں کی خوب بارش کی۔ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کئی ریکارڈس بنے جس نے عالمی کپ ٹورنامنٹ کی سمت و رفتار طے کر دی ہے۔ اس مقابلے میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنوں سے شکست دے دی، لیکن آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ ہارنے والی ٹیم نے 326 رن بنائے۔ ظاہر ہے جنوبی افریقہ نے رنوں کا ایک بہت بڑا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا جس کے سامنے سری لنکا نے بھی اپنا پورا دَم دکھایا۔
A stellar batting performance helps South Africa to a massive win in their #CWC23 clash against Sri Lanka #SAvSL : https://t.co/4jtdv0GMD8 pic.twitter.com/iwUmFw6Sg9
— ICC (@ICC) October 7, 2023
ٹاس سری لنکائی کپتان داسُن شناکا نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ انھیں جنوبی افریقی کپتان تیمبا بووما (8 رن) کا وکٹ جلدی مل بھی گیا تھا، لیکن اس کے بعد پوری طرح سے جنوبی افریقی بلے باز چھا گئے۔ اوپر کے چار میں سے تین بلے بازوں نے سنچری لگا دی اور سبھی نے چوکے و چھکے کی بارش کی۔ کوئنٹن ڈیکوک نے 84 گیندوں پر 100 رن، راسی وانڈر ڈوسین نے 110 گیندوں پر 108 رن اور ایڈن مارکرم نے طوفانی انداز میں 54 گیندوں پر 106 رن کی اننگ کھیلی۔ پھر ان کے بعد ہنرک کلاسین نے 20 گیندوں پر 32 رن اور ڈیوڈ ملر نے 21 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 39 رن کی طوفانی اننگ کھیلی۔ مارکو جانسن نے بھی آخر میں 7 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 12 رن بنا ڈالے۔ اس طرح جنوبی افریقہ 50 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 428 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ یہ عالمی کپ میں کسی بھی ٹیم کے ذریعہ بنایا گیا سب سے بڑا اسکور ہے۔
Just the 429 runs required for Sri Lanka
— ICC (@ICC) October 7, 2023
South Africa’s record-breaking feats have set up a mammoth #CWC23 chase
Live #SAvSL Report ⬇️https://t.co/vqRiUt42Ns
سری لنکا کی جانب سے کوئی بھی گیندباز ایسا نہیں رہا جس نے 6 سے کم رن فی اوور دیا ہو۔ کپتان داسون شناکا نے 6 اوورس میں 36 رن دیے اور یہی سب سے کفایتی بھی ثابت ہوئے۔ دُنتھ ویلالاگے نے 10 اوورس میں 81 رن (ایک وکٹ)، متھیشا پتھیرانا نے 10 اوورس میں 91 رن (ایک وکٹ)، کسون رجیتھا نے 10 اوورس میں 90 رن (ایک وکٹ)، دلشان مدوشنکا نے 10 اوورس میں 86 رن (2 وکٹ) اور دھننجے ڈی سلوا نے 4 اوورس میں 39 رن خرچ کیے۔
جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں آج 5 انتہائی اہم ریکارڈ بنے۔ سب سے پہلے تو عالمی کپ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے جب ایک ہی اننگ میں تین بلے بازوں نے سنچری بنائی۔ یہ کارنامہ انجام دیا جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈیکوک، راسی وانڈر ڈوسین اور ایڈن مارکرم نے۔ دوسرا ریکارڈ عالمی کپ میں تیز ترین سنچری کی بنی۔ ایڈن مارکرم نے 49 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے پچھلا ریکارڈ 50 گیندوں پر سنچری مکمل کرنے کا توڑ دیا جو آئرلینڈ کے بلے باز کیون او برائن نے بنایا تھا۔ جنوبی افریقہ نے 428 رن بنا کر عالمی کپ میں کسی بھی ٹیم کے ذریعہ بنایا گیا سب سے بڑا اسکور بھی اپنے نام کر لیا۔ ایک ریکارڈ سری لنکائی بلے باز کسل مینڈس کے نام بھی درج ہوا جنھوں نے اس عالمی کپ کی سب سے تیز نصف سنچری (25 گیندوں پر) بنائی۔ میچ ختم ہوتے ہوتے پورے میچ میں بنائے گئے سب سے زیادہ رن کا ریکارڈ بھی بن گیا۔ یہ ریکارڈ 754 رن (جنوبی افریقہ 428 رن + سری لنکا 326 رن) کا بنا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ہی ٹیموں نے بہترین بلے بازی کی۔