پی ایم مودی برکس سمیلن میں شرکت کے لیے جوہانسبرگ پہنچے، ایئرپورٹ پر ہوا شاندار استقبال

پی ایم مودی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جنوبی افریقہ قیام کے دوران کئی مہمان ممالک کے ساتھ بات چیت کے لیے پرجوش ہیں اور ساتھ ہی ساتھ جوہانسبرگ میں موجود کچھ لیڈروں کے ساتھ دو فریقی میٹنگیں بھی ممکن ہیں۔

پی ایم مودی برکس سمیلن میں شرکت کے لیے جوہانسبرگ پہنچے، ایئرپورٹ پر ہوا شاندار استقبال

وزیر اعظم نریندر مودی جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ میں پندرہویں برکس سمیلن میں حصہ لینے کے لیے منگل کے روز وہاں پہنچ گئے۔ شام تقریباً سوا پانچ بجے جب وہ جوہانسبرگ واقع ایئرپورٹ پر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پی ایم مودی جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامفوسا کی دعوت پر جوہانسبرگ پہنچے ہیں اور 24 اگست تک وہ وہاں مہمان رہیں گے۔

پی ایم مودی نے جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہونے سے قبل اعتماد ظاہر کیا کہ یہ سمیلن رکن ممالک کو مستقبل کے پیش نظر تعاون کے شعبوں کی شناخت کرنے اور ترقی کا جائزہ لینے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ برکس گروپ میں ہندوستان کے علاوہ روس، چین، برازیل اور جنوبی افریقہ شامل ہے۔ 2019 کے بعد برکس لیڈران کو پہلا موقع ملا ہے جب وہ اعلیٰ سطحی سمیلن میں آمنے سامنے ہوں گے۔

پی ایم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر (اب ایکس) پر برکس سمیلن میں اپنی شرکت کے تعلق سے لکھا ہے کہ "میں برکس- افریقہ آؤٹ ریچ اور برکس پلس ڈائیلاگ پروگراموں میں بھی شامل ہوؤں گا۔ برکس سمیلن گلوبل ساؤتھ کے لیے فکر کا سبب بنے مختلف ایشوز اور ترقی کے دیگر شعبوں پر بحث کرنے کے واسطے پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔"

ہندوستانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جنوبی افریقہ قیام کے دوران کئی مہمان ممالک کے ساتھ بات چیت کے لیے پرجوش ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ میں جوہانسبرگ میں موجود کچھ لیڈروں کے ساتھ دو فریقی میٹنگیں کرنے کو لے کر بھی پرجوش ہوں۔