دہلی میں کانگریس کا بڑھتا کارواں، کراڑی اسمبلی کے سبھی عآپ عہدیدران کانگریس میں شامل

امت ملک نے کہا کہ عام آدمی پارٹی گمراہ کن راستے پر چل رہی ہے اور لوگ اس پارٹی سے مایوس ہو رہے ہیں۔

دہلی میں کانگریس کا بڑھتا کارواں، کراڑی اسمبلی کے سبھی عآپ عہدیدران کانگریس میں شامل

نئی دہلی: جوں جوں سال 2024 نزدیک آتا جاتا رہا ہے، دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی کی قیادت میں دوسری سیاسی جماعتوں کے لیڈران اور کارکنان کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اسی ضمن میں آج کراڑی اسمبلی سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سبھی عہدیداران اور کارکنان نے پارٹی سے استعفیٰ دے کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔

پارٹی میں شامل ہونے پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی نے ان کا کانگریس میں خیرمقدم کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی سبھی کو ساتھ لے کر چلنے والی پارٹی ہے۔ آج جو لوگ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں ان کی عزت کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس میں شامل ہوئے لیڈران کو پارٹی میں کام کرنے کی ذمہ داری دی جائے گی۔

اس موقع پر اروندر لولی کے علاوہ دہلی حکومت کے سابق وزیر منگت رام سنگھل، یوتھ کانگریس کے سابق صدر امت ملک، میونسپل کارپوریشن کے انچارج جتیندر کمار کوچر، یوتھ لیڈر و کارپوریشن کے سابق امیدوار راہل ماتھر بھی موجود تھے۔ کانگریس میں شامل ہونے والوں میں جیوتی مالا، اکبر علی، راجیش چودھری، تسلیم المائی، محمد  عمران، انظر، توقیر احمد کے نام اہم ہیں۔ ان کے علاوہ سینکڑوں عآپ کارکنان نے کانگریس میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت ملک نے کہا کہ عام آدمی پارٹی گمراہ کن راستے پر چل رہی ہے اور لوگ اس پارٹی سے مایوس ہو رہے ہیں۔ کراڑی اسمبلی کے تمام عہدیداروں کے کانگریس میں شامل ہونے سے کانگریس پارٹی مضبوط ہوگی۔