’بیٹا نیچے آؤ‘، انتخابی ریلی میں کھمبے پر چڑھی لڑکی سے وزیر اعظم مودی نے کہا، ویڈیو دیکھیں
جب ایک لڑکی جلسہ گاہ میں کھمبے پر چڑھ گئی تووزیراعظم نے لڑکی کو بار بار نیچے آنے کی درخواست کی اور کہا کہ بجلی کے تاروں کی حالت اچھی نہیں لگ رہی۔
ملک کی پانچ ریاستوں میں الیکشن کا موسم چل رہا ہے۔ ایسے میں وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں اور عوام سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ اسی طرح ہفتہ یعنی11 نومبر کو وہ حیدرآباد، تلنگانہ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے، اس دوران کچھ ایسا ہوا جس کی چرچا دو دن بعد بھی ہو رہی ہے۔
دراصل جب وزیراعظم مودی نے ریلی سے خطاب کیا تو ایک لمحہ ایسا آیا کہ انہیں اپنی تقریر روکنی پڑی۔ انہوں نے دیکھا کہ ایک لڑکی جلسہ گاہ میں بجلی کے کھمبے پر چڑھی ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے لڑکی کو بار بار نیچے آنے کی درخواست کی اور کہا کہ بجلی کے تاروں کی حالت اچھی نہیں لگ رہی۔
#WATCH | Secunderabad, Telangana: During PM Modi's speech at public rally, a woman climbs a light tower to speak to him, and he requests her to come down. pic.twitter.com/IlsTOBvSqA
— ANI (@ANI) November 11, 2023
جب لڑکی نے وزیر اعظم مودی سے کچھ کہنا چاہا تو وزیر اعظم نے ہندی میں ان سے کہا، ''بیٹا، میں تمہاری بات سنوں گا۔ پلیز نیچے آ جائیں۔ شارٹ سرکٹ ہو سکتا ہے۔ یہ صحیح نہیں ہے، میں یہاں صرف آپ لوگوں کے لیے آیا ہوں۔ ایسی باتیں کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ راجیہ سبھا ایم پی لکشمن نے بعد میں درخواست کی کہ پی ایم مودی کے کہے گئے جملوں کا تیلگو میں ترجمہ کیا جائے۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق اس واقعے کے بارے میں جب ایک سینئر پولیس افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس کی تصدیق کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے، اپنی تقریر کے آغاز میں، پی ایم مودی نے ایم آر پی ایس کے بانی کرشنا ماڈیگا کو تسلی دی جو ان کے گلے لگ کر رونے لگے۔