بی جے پی انتخاب سے قبل اپوزیشن کے سبھی لیڈران کو گرفتار کرنا چاہتی ہے: ممتا بنرجی
ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال کو نوٹس بھیجا گیا ہے، 6-5 اراکین پارلیمنٹ کہہ رہے ہیں کہ ان کا فون ہیک ہوا ہے، ایسے میں باہر کے لوگ ہمارے ملک کے بارے میں کیا سوچیں گے۔
دہلی آبکاری پالیسی سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ای ڈی کا سمن بھیجے جانے پر کئی اپوزیشن لیڈران نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی اس معاملے میں اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مودی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں ایپل کے ذریعہ فون ہیکنگ کو لے کر بھیجے گئے الرٹ اور منریگا کی بقایہ رقم کا بھی ایشو اٹھایا۔ منریگا معاملے پر ممتا کا کہنا ہے کہ اگر 16 نومبر تک منریگا کی بقایہ رقم ادا نہیں کی گئی تو ہم اپنے اگلے قدم کا اعلان کریں گے۔
VIDEO | "Delhi CM Arvind Kejriwal has also been summoned (by the ED) while several other leaders were also served the notice. Phones of MPs are getting hacked. What will people outside the country think of us looking at the state of affairs here? We can never let our country… pic.twitter.com/BfjhizzdkB
— Press Trust of India (@PTI_News) November 1, 2023
کیجریوال کو ای ڈی کے ذریعہ بھیجے گئے نوٹس معاملے پر ممتا نے کہا کہ ’’اروند کیجریوال کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔ کئی لیڈران کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔ بی جے پی کا منصوبہ 2024 کے انتخاب سے پہلے سبھی اپوزیشن لیڈران کو گرفتار کرنے کا ہے۔ وہ خالی ملک میں اپنے لیے ووٹ چاہتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’6-5 اراکین پارلیمنٹ کہہ رہے ہیں کہ ان کا فون ہیک ہوا ہے۔ ایسے میں باہر کے لوگ ہمارے ملک کے بارے میں کیا سوچیں گے۔ ملک کو ہم کبھی چھوٹا نہیں کر سکتے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے اروند کیجریوال کو پوچھ تاچھ کے لیے 2 نومبر کو طلب کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کا اس معاملے میں دعویٰ ہے کہ کیجریوال کو ای ڈی گرفتار کر سکتی ہے۔ دہلی حکومت میں وزیر آتشی کا کہنا ہے کہ ’’ایسی خبر ہے کہ کیجریوال کو 2 نومبر کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ اگر انھیں گرفتار کیا جاتا ہے تو اس کے پیچھے بدعنوانی (الزام) وجہ نہیں ہوگی بلکہ بی جے پی کے خلاف آواز اٹھانا اصل وجہ ہوگی۔‘‘