بہار: پیپر لیک ہونے کے سبب بی پی ایس سی ٹیچر بھرتی امتحان رَد کرنے کا فیصلہ
بہار پبلک سروس کمیشن نے 15 مارچ کو منعقد ’ٹی آر ای 3‘ امتحان کو رد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، اس امتحان کا پیپر لیک ہونے سے متعلق جانچ چل رہی تھی جس کا ثبوت ملنے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔
بہار پبلک سروس کمیشن نے گزشتہ 15 مارچ کو ’ٹی آر ای 3‘ یعنی ٹیچر بھرتی کے لیے جو امتحان منعقد کرایا تھا، اسے رد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس امتحان کا پیپر لیک ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور معاملے کی جانچ چل رہی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پیپر لیک معاملے پر اکنامک آفنسز یونٹ نے سوالنامہ لیک ہونے کے ثبوت دیے تھے، جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) نے امتحان کو رد کرنے کا فیصلہ لیا۔
दिनांक 15 मार्च को आयोजित (दोनो शिफ्ट) BPSC TRE 3 परीक्षा पेपर लीक के कारण रद्द, एग्जाम की नई तिथि बाद में घोषित किए जायेंगे। pic.twitter.com/wIeji2x4OT
— Educators of Bihar (@BiharTeacherCan) March 20, 2024
ٹیچر بھرتی کا امتحان رد کیے جانے کے بعد اب نئے سرے سے اس امتحان کو منعقد کرائے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ حالانکہ فی الحال بی پی ایس سی نے امتحان سے متعلق کسی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ جلد ہی کمیشن اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر اس سلسلے میں جانکاری دے گا۔
واضح رہے کہ بی پی ایس سی کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق بہار اسکول ٹیچر بھرتی امتحان (ٹی آر ای 3) 15 مارچ 2024 کو دو شفٹ میں منقعد کیا گیا تھا۔ پہلی شفٹ میں امتحان صبح 9.30 بجے سے دوپہر 12.00 بجے تک اور دوسری شفٹ میں دوپہر 2.30 بجے سے شام 5.00 بجے تک ہوا تھا۔ اسی درمیان سینکڑوں کی تعداد میں طلبا کو حراست میں لیے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور کہا گیا تھا کہ انھیں لیک ہوئے پیپر دے کر امتحان کی تیاری کرائی گئی تھی۔ تب سے ہی امتحان کینسل ہونے کے اندیشے ظاہر کیے جا رہے تھے، اور آج اس سلسلے میں باضابطہ اعلان بھی ہو گیا۔