آسام: سلچر واقع کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ میں لگی خوفناک آگ، بچوں نے باہر کود کر بچائی جان، ایک زخمی
آگ لگنے کے بعد طلبا کو پتہ چلا کہ وہ نیچے نہیں جا سکتے تو سبھی لوگ اپارٹمنٹ کی چھت پر بھاگ گئے اور اس کے بعد لوگوں نے سیڑھیوں کا انتظام کیا، پھر طلبا کو چھت سے نیچے اتارا گیا۔ #Assam #Silchar
آسام کے کچھار ضلع واقع سلچر شہر کے شیاما پرساد روڈ واقع ایک کوچنگ سنٹر، وسندھرا اپارٹمنٹ میں خوفناک آگ لگنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ آگ لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے تیزی کے ساتھ پھیلنے لگی۔ آگ لگنے کے وقت کئی طلبا کوچنگ سنٹر میں موجود تھے۔ انھوں نے کسی طرح سیڑھیوں کے سہارے باہر کود کر اپنی جان بچائی۔
#WATCH | A fire broke out in a building in Silchar town in Assam's Cachar district, today. The fire has been doused and cooling operation is underway.
— ANI (@ANI) May 18, 2024
A girl was injured after she fell from the building, she was rushed to the hospital. pic.twitter.com/PHLCqVWUV7
موصولہ خبروں کے مطابق آگ لگنے کی خبر ملتے ہی طلبا میں افرا تفری پیدا ہو گئی۔ جب طلبا نے یہ دیکھا کہ آگ کی وجہ سے وہ پھنس گئے ہیں اور نیچے جانے کا کوئی راستہ نہیں ہے، تو سبھی اپارٹمنٹ کی چھت پر بھاگ گئے۔ باہر جمع کچھ لوگوں نے کسی طرح سے سیڑھیوں کا انتظام کیا اور طلبا کو چھت سے نیچے اتارا گیا۔ اس دوران بلڈنگ سے گر کر ایک طالبہ زخمی ہو گئی جسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔
آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور اس پر قابو بھی پا لیا گیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ’کولنگ آپریشن‘ کا عمل چل رہا ہے اور جلد ہی یہ آپریشن بھی ختم ہو جائے گا۔ اس واقعہ کی تحقیقات بھی شروع ہو گئی ہے۔
اس سے قبل جمعہ کی دیر شب کنڈلی-مانیسر-پلول ایکسپریس وے پر نوح ضلع واقع گاؤں دھلاوٹ کے پاس چلتی بس میں آگ لگنے سے 9 لوگ زندہ جل گئے۔ ان کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی۔ آگ کیوں لگی، اس سلسلے میں فوری طور پر کوئی جانکاری نہیں مل سکی ہے۔