ڈیموکریٹس اپنی تاریخی انتخابی جیت کا فائدہ کیسے اٹھائیں؟...اشوک سوین
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی تاریخی کامیابی نے پارٹی کے اندر قیادت، معاشی اصلاحات اور اسرائیل کی غیر مشروط حمایت جیسے معاملات پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اب اصل امتحان پالیسی میں تبدیلی کا ہے
ڈیموکریٹک پارٹی نے وسط مدتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے، لیکن اس کی سب سے بڑی لڑائی اب پارٹی کے اندر شروع ہو سکتی ہے۔ نومبر 2026 کے انتخابات نے امریکی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں (کانگریس) کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس نتیجے نے 2028 کے صدارتی انتخابات سے پہلے امریکی سیاست کا منظرنامہ یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ تاہم، کامیابی کے جشن کے درمیان ایک اہم سوال بھی موجود ہے: کیا امریکی ووٹروں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی پرانی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے یا انہوں نے محض ٹرمپ کی غیر مقبول صدارتی کارکردگی کو مسترد کیا ہے؟ اس سوال کا جواب نہ صرف پارٹی کے سیاسی مستقبل کا تعین کرے گا بلکہ یہ بھی واضح کرے گا کہ اسرائیل کی غیر مشروط حمایت کے معاملے پر واشنگٹن میں کئی دہائیوں سے قائم اتفاق رائے برقرار رہے گا یا نہیں۔
ڈیموکریٹس کی انتخابی کامیابی غیر معمولی ہے۔ ٹیکساس سے الاسکا اور کنساس سے جنوبی کیرولائنا تک پارٹی نے ریپبلکنز کے ان مضبوط سیاسی قلعوں میں بھی نقب لگائی ہے جنہیں پہلے ناقابل تسخیر سمجھا جاتا تھا۔ ترقی پسند امیدواروں نے اعتدال پسند رہنماؤں کے ساتھ مل کر کامیابی حاصل کی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ووٹر محض نظریاتی نعروں کے بجائے اپنے معاشی مسائل کے عملی حل میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایران کے ساتھ جاری جنگ، روزمرہ زندگی کے بڑھتے اخراجات، درآمدات پر عائد سخت محصولات اور امیگریشن کے معاملے پر حکومت کی جارحانہ کارروائیوں نے عوامی بے چینی کو انتخابی طوفان میں تبدیل کر دیا۔
لیکن انتخابی کامیابیاں اکثر ان تضادات پر پردہ ڈال دیتی ہیں جو جشن ختم ہونے کے بعد سامنے آتے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کا موجودہ اتحاد بنیادی معاشی تبدیلیوں کا مطالبہ کرنے والے جمہوری سوشلسٹوں سے لے کر ان قدامت پسند ڈیموکریٹس تک پھیلا ہوا ہے جو روایتی طور پر ریپبلکنز کے زیر اثر علاقوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ٹرمپ کی مخالفت میں ان سب کا متحد ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ مستقبل کے سیاسی ایجنڈے پر بھی متفق ہوں گے۔ کسی غیر مقبول صدر کو شکست دینا اس کے مقابلے میں کہیں آسان ہے کہ مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے طبقات کو مطمئن کرنے والا حکومتی پروگرام تیار کیا جائے۔
یہی پارٹی کی پرانی قیادت کے لیے سب سے بڑا امتحان ہے۔ چک شومر اور حکیم جیفریز جیسے رہنما ڈیموکریٹک پارٹی کی اس نسل کی نمائندگی کرتے ہیں جو بڑے انتخابی چندوں، مفاہمت کی سیاست اور پارٹی نظم و ضبط کے ذریعے متضاد مفادات میں توازن قائم کرنے کی عادی ہے۔ اس طرز سیاست نے اگرچہ پارٹی کو متحد رکھنے میں مدد دی، لیکن نوجوان ووٹر اور سرگرم ترقی پسند کارکن اب کھل کر سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا یہ نظام ان تبدیلیوں کو حقیقت کا روپ دے سکتا ہے جن کی انہیں توقع ہے؟ ان کی ناراضی محض قیادت کے چہروں تک محدود نہیں بلکہ اس سیاسی ثقافت کے خلاف بھی ہے جو انتخابات کے دوران بڑی تبدیلیوں کے وعدے کرتی ہے اور اقتدار حاصل ہوتے ہی جمود کا سہارا لینے لگتی ہے۔
یہ بحث بھی جاری ہے کہ ڈیموکریٹس کو اپنی اس تاریخی کامیابی کا استعمال کس طرح کرنا چاہیے۔ پارٹی کا اعتدال پسند دھڑا ٹیکساس میں جیمز ٹالاریکو اور شمالی کیرولائنا میں رائے کوپر جیسے امیدواروں کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہتا ہے کہ انتخابی کامیابی کے لیے ترقی پسندوں کے مضبوط حلقوں سے باہر نکل کر بھی ووٹروں کو اپنی جانب راغب کرنا ضروری ہے۔ اس کے برعکس بائیں بازو کا موقف ہے کہ عوام دوست معاشی پالیسیاں، ارب پتیوں کے کارپوریٹ اثر و رسوخ پر تنقید اور مسلسل جاری رہنے والی جنگوں کی مخالفت ہی وہ عوامل تھے جنہوں نے مختلف نظریات رکھنے والے ووٹروں کو متحد کیا۔ دونوں موقف میں حقیقت موجود ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ڈیموکریٹس معاشی اصلاحات کے لیے جرات مندانہ اقدامات کو انتخابی حکمت عملی کے ساتھ جوڑ سکتے ہیں یا دونوں کو ایک دوسرے کا مخالف سمجھتے رہیں گے۔
آئندہ صدارتی انتخابات کی دوڑ ان اختلافات کو مزید گہرا کرے گی۔ الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز، پیٹ بٹجج، جان اوسوف اور دیگر ابھرتے ہوئے رہنماؤں سمیت ممکنہ صدارتی امیدواروں کو محض ٹرمپ کی مخالفت سے آگے بڑھ کر ایک واضح اور ٹھوس متبادل سیاسی وژن پیش کرنا ہوگا۔ 2028 کا پرائمری انتخاب گزشتہ کئی دہائیوں میں ڈیموکریٹک پارٹی کا سب سے اہم نظریاتی مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے۔
اس اندرونی کشمکش کا سب سے فیصلہ کن پہلو اسرائیل کا معاملہ ہوگا۔ کئی نسلوں سے واشنگٹن میں اسرائیل کی غیر مشروط حمایت پر دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان وسیع اتفاق رائے رہا ہے۔ ڈیموکریٹک اور ریپبلکن حکومتیں فلسطینی بستیوں، دو ریاستی حل اور امن مذاکرات کے معاملے پر مختلف موقف اختیار کرتی رہی ہیں، لیکن اسرائیل کی فوجی برتری برقرار رکھنے کے عزم میں کبھی کمی نہیں آئی۔ یہاں تک کہ جب اسرائیلی حکومتوں نے امریکی سفارتی ترجیحات کو کھلے عام نظر انداز کیا، تب بھی واشنگٹن اسے ہتھیار فراہم کرتا رہا اور عالمی فورمز پر سفارتی تحفظ دیتا رہا۔
لیکن اب یہ روایتی اتفاق رائے کمزور پڑ رہا ہے۔ غزہ میں تباہ کن فوجی کارروائیوں، فلسطینیوں پر ٹوٹنے والی انسانی تباہی اور اس کے بعد علاقائی جنگ کے پھیلاؤ نے ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر بحث کا رخ بدل دیا ہے۔ نوجوان امریکی کھل کر سوال کر رہے ہیں کہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا دعویٰ کرنے والی ان کی حکومت ایسی فوجی کارروائیوں کی اندھا دھند مالی معاونت کیوں کرتی ہے؟ ان کے لیے فلسطینیوں کا درد محض دور دراز کا سفارتی مسئلہ نہیں بلکہ امریکی سیاسی اخلاقیات کا براہ راست امتحان ہے۔
ایران کے ساتھ جنگ نے ان تضادات کو مزید ہوا دی ہے۔ بیرونی فوجی تنازعات سے دور رہنے کے اپنے وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے ٹرمپ کی فوجی مداخلت نے پہلے ہی مہنگائی سے پریشان عام امریکیوں پر بھاری معاشی اور تزویراتی بوجھ ڈال دیا ہے۔ بیرون ملک جنگوں اور ملک کے اندر معاشی بدحالی کے درمیان تعلق کو سیاسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ جب ووٹر اپنی جیب پر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ محسوس کرتے ہیں اور دوسری جانب اربوں ڈالر فوجی اخراجات پر صرف ہوتے دیکھتے ہیں تو دور دراز کے اتحادیوں کے تحفظ کے نام پر پیش کیے جانے والے دلائل کی حقیقت خود بخود سامنے آ جاتی ہے۔
ریپبلکن اتحاد کے کئی حلقے بھی، جن میں نائب صدر جے ڈی وینس سے وابستہ بعض حلقے شامل ہیں، یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ امریکی مفادات کو اسرائیل کے فوجی عزائم کے ساتھ اس طرح کیوں جوڑا جائے؟ اگرچہ یہ نیا نقطۂ نظر فلسطینیوں کے حقوق کے حوالے سے کسی نظریاتی اتفاق رائے کی علامت نہیں، تاہم اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روایتی خارجہ پالیسی کو اب دونوں سیاسی جماعتوں کے اندر سے چیلنج کیا جا رہا ہے۔
ڈیموکریٹس کے لیے پہلا بڑا امتحان جنوری 2027 میں نئی کانگریس کے قیام کے ساتھ شروع ہوگا۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل ہونے کے بعد پارٹی کو بجٹ کی تقسیم، پارلیمانی تحقیقات، فوجی امداد اور صدر کی جانب سے کی جانے والی تقرریوں کی نگرانی کا اختیار حاصل ہو گیا ہے۔ کانگریس کی کمیٹیاں اب ہتھیاروں کے معاہدوں کی جانچ کر سکتی ہیں، ایران جنگ کا جائزہ لے سکتی ہیں اور شہری ہلاکتوں کے معاملے میں فوجی اداروں کا احتساب یقینی بنانے کی کوشش کر سکتی ہیں۔ ڈیموکریٹس چاہیں تو اسرائیل کو فراہم کی جانے والی فوجی امداد کے ساتھ انسانی حقوق کی پاسداری کی شرائط بھی منسلک کر سکتے ہیں۔
تاہم، کانگریس میں اکثریت حاصل کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ امریکی خارجہ پالیسی پر مکمل کنٹرول بھی مل گیا ہے۔ ٹرمپ اب بھی صدر ہیں، ان کے پاس وسیع انتظامی اختیارات موجود ہیں اور وہ کسی بھی قانون کو ویٹو کر سکتے ہیں۔ ڈیموکریٹس کے پاس نہ تو صدر کے ویٹو کو مسترد کرنے کے لیے مطلوبہ دو تہائی اکثریت ہے اور نہ ہی سینیٹ میں موجود رکاوٹوں کو عبور کرنے کے لیے درکار تعداد۔ اس کے علاوہ اسرائیل کے معاملے پر کتنا سخت موقف اختیار کیا جائے، اس بارے میں خود پارٹی کے اندر بھی اختلافات موجود ہیں۔ اس لیے 2028 سے پہلے کسی بڑے اور ڈرامائی پالیسی تغیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
اس کے باوجود ڈیموکریٹس کئی اہم اقدامات کر سکتے ہیں۔ وہ اس بات پر اصرار کر سکتے ہیں کہ اسرائیل کو دی جانے والی فوجی امداد موجودہ قوانین کے دائرے میں رہ کر فراہم کی جائے۔ غیر قانونی یہودی بستیوں کی توسیع کی مخالفت کی جا سکتی ہے، غزہ تک بلا رکاوٹ انسانی امداد پہنچانے کا مطالبہ اٹھایا جا سکتا ہے اور کانگریس کی منظوری کے بغیر نئی فوجی کارروائیوں کو مسترد کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کو کسی غیر معینہ مدت تک ملتوی کیے جانے والے وعدے کے بجائے ایک لازمی سفارتی ہدف بنایا جا سکتا ہے۔
سب سے بڑی رکاوٹ انتخابی سیاست میں استعمال ہونے والی بھاری رقوم ہیں۔ اسرائیل کی حامی لابیز، دفاعی شعبے کے ٹھیکیداروں اور ارب پتی عطیہ دہندگان کا امریکی انتخابات پر گہرا اثر رہا ہے۔ اس اثر و رسوخ کو چیلنج کرنے کے لیے فلسطینیوں کے ساتھ محض زبانی ہمدردی کافی نہیں ہوگی۔ اس کے لیے ان مالیاتی اتحادوں سے براہ راست ٹکرانے کا حوصلہ درکار ہوگا جو امریکی خارجہ پالیسی کے موجودہ نظام کو برقرار رکھتے ہیں۔ مہنگی انتخابی مہمات کے عادی ہو چکے رہنماؤں کے لیے ایسا کرنا ایک بڑا سیاسی خطرہ مول لینے کے مترادف ہوگا۔
لیکن تبدیلی سے گریز کرنا اپنے آپ میں اس سے بھی بڑا خطرہ ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے ووٹر، بالخصوص نوجوان ترقی پسند نسل، غیر معینہ مدت تک ایسی جماعت کو قبول نہیں کر سکتے جو ملک کے اندر نسلی مساوات اور انسانی حقوق کی وکالت کرتی ہو، لیکن بیرون ملک انہی اصولوں کی پامالی پر خاموش رہے۔
ڈیموکریٹک پارٹی آج ایک تاریخی دوراہے پر کھڑی ہے۔ اس کی انتخابی کامیابی نے ٹرمپ کو سیاسی طور پر کمزور ضرور کیا ہے، لیکن ساتھ ہی اس پرانی قیادت کی حدود بھی بے نقاب کر دی ہیں جس کی سربراہی میں یہ کامیابی حاصل ہوئی۔ آنے والی کشمکش محض اعتدال پسندوں اور ترقی پسندوں کے درمیان اختلاف کی نہیں ہوگی، بلکہ اس سے یہ طے ہوگا کہ کیا ڈیموکریٹک پارٹی ان پرانی پالیسیوں اور ادارہ جاتی ڈھانچوں کے دفاع سے باہر نکل سکے گی جنہوں نے عام لوگوں میں مایوسی کو جنم دیا ہے۔
(مضمون نگار اشوک سوین سویڈن کی اپسالا یونیورسٹی میں امن اور تنازعات کے مطالعے کے پروفیسر ہیں)