پرینکا کا تھپڑ، غربت پر سونیا کی حیرت اور راہل کی برتھ ڈے پارٹی، 23 منٹ کی ویڈیو میں کئی راز ہوئے افشا

ویڈیو میں بات چیت کے دوران پرینکا گاندھی نے بتایا کہ ’’مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ نانی کہتی تھیں کہ میری بیٹی (سونیا گاندھی) اب اطالوی نہیں رہی۔ وہ سب کچھ بھول چکی ہے۔‘‘

پرینکا کا تھپڑ، غربت پر سونیا کی حیرت اور راہل کی برتھ ڈے پارٹی، 23 منٹ کی ویڈیو میں کئی راز ہوئے افشا

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے منگل کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ اپنی بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ بیٹھ کر سونیا گاندھی سے ان کی حالیہ کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں۔ تقریباً 23 منٹ کی اس ویڈیو میں گفتگو کے دوران کئی ایسی باتیں سامنے آئیں، جن کے بارے میں پہلے کسی کو بھی جانکاری نہیں تھی۔ راہل، پرینکا اور سونیا تینوں نے ہی کچھ گزرے ہوئے لمحات کو یاد کیے اور اس دوران ان کے چہروں پر کبھی خوشی تو کبھی غم کے آثار نمایاں ہو رہے تھے۔

ویڈیو میں ایک مقام پر راہل گاندھی نے سونیا گاندھی سے سوال کیا کہ آپ کی اتنی ساری تصویریں ہیں، لیکن کتاب کے سرورق کے لیے صرف اسی تصویر کا استعمال کیوں کیا گیا؟ اس پر سونیا نے جواب دیا کہ ’’یہ تصویر پاپا (راجیو گاندھی) نے کھینچی تھی۔‘‘ یہ جواب یقیناً ان بے شمار لوگوں کو مطمئن کرنے والا ہے، جن کے ذہن میں ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کے سرورق پر موجود سونیا کی تصویر سے متعلق سوال پیدا ہو رہا تھا۔

بات چیت کے دوران سونیا گاندھی نے بتایا کہ جب راجیو گاندھی ان کے والد سے شادی کے لیے ان کا ہاتھ مانگنے گئے تھے تو انہوں نے انکار کر دیا تھا۔ سونیا کے مطابق ان کے والد نے دلیل دی تھی کہ ہندوستان میں سیاستداں امیر نہیں ہوتے۔ انھوں نے سونیا سے یہ بھی کہا تھا کہ ’’شادی کے بعد تم ایک بالکل مختلف دنیا میں چلی جاؤ گی۔‘‘

ہندوستان آنے کے بعد اپنی ذہنی کیفیت کا ذکر کرتے ہوئے سونیا نے کہا کہ اس وقت وہ ایک بالکل مختلف ثقافت سے آئی تھیں۔ انہیں ہندوستان کو سمجھنے میں کچھ وقت لگا۔ راہل نے جب پوچھا کہ ہندوستان میں کس چیز نے آپ کو سب سے زیادہ حیران کیا؟ تو سونیا نے کہا ’’غربت نے۔‘‘ سونیا نے بتایا کہ 1968 تک دہلی جیسے شہروں میں بھی حالات بہت خراب تھے۔

ویڈیو میں پرینکا گاندھی نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے جب نانی مجھ سے ملنے آتی تھیں تو وہ مجھے اطالوی کھانا بنانا سکھاتی تھیں۔ پرینکا نے کہا کہ ’’مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ نانی کہتی تھیں کہ میری بیٹی (سونیا گاندھی) اب اطالوی نہیں رہی۔ وہ سب کچھ بھول چکی ہے۔‘‘ اس دوران راہل گاندھی نے بتایا کہ پاپا کے سیاست میں آنے کے بعد سے ماں بالکل بدل گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ماں کو کئی بار بے عزت کیا گیا۔

پرینکا نے بات کو آگے بڑھایا اور ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی کے بعد جب دادی (اندرا گاندھی) انتخاب ہار گئی تھیں تو ہمیں دوسرے گھر میں منتقل ہونا پڑا تھا۔ پرینکا نے کہا کہ ’’مجھے یاد ہے کہ اسکول میں ایک بچہ میرے پاس آیا اور بولا کہ تمہارا چچا جیل میں ہے، تمہارا چچا چور ہے۔ اس پر میں نے اسے تھپڑ مار دیا۔‘‘ پھر راہل نے کہا کہ ’’اس دن کے بعد اسکول میں کوئی بھی میرے ساتھ بنچ پر نہیں بیٹھتا تھا۔ میں سوچتا تھا کہ آخر ایسا کیوں ہو رہا ہے۔‘‘ راہل آگے کہتے ہیں کہ ’’یہ سب ختم کرنے کے لیے میری سالگرہ کی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس میں تقریباً 32 لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ شام 4 بجے لوگوں کو آنا تھا، لیکن 3 بج کر 50 منٹ تک ایک بھی شخص نہیں آیا۔ ہمیں لگا کہ لوگ دیر سے آئیں گے، لیکن آہستہ آہستہ ہمیں سمجھ آ گیا کہ کوئی نہیں آنے والا۔ اسی دوران اچانک میرا ایک دوست آیا۔ وہ واحد شخص تھا جو پارٹی میں آیا تھا۔ وہ آج بھی میرا دوست ہے۔‘‘

ویڈیو میں سونیا گاندھی راجیو گاندھی کے ساتھ پیش آئے ایک واقعہ کا خاص طور سے ذکر کرتی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ’’راجیو گاندھی بہار کے دورہ پر گئے تھے۔ اس دوران ان پر پتھر پھینکے گئے تھے۔ راہل بھی ان کے ساتھ تھے اور انہوں نے یہ سب دیکھا تھا۔ راہل نے آ کر مجھ سے کہا کہ– ماں، اگر ہم نے پاپا کی سیکورٹی کے لیے کچھ نہیں کیا تو بہت جلد مجھے ان کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے آنا پڑے گا۔‘‘ اس دوران راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ پاپا (راجیو گاندھی) کے قتل کے لیے جان بوجھ کر ان کی سیکورٹی ہٹائی گئی تھی۔

صحت کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ اچھی صحت کے لیے خاندان کا ساتھ ہونا بہت ضروری ہے۔ سونیا نے بتایا کہ ان کے پیٹ میں کچھ پریشانی ہے، لیکن وہ صحت یاب ہو رہی ہیں۔ سونیا نے یہ بھی کہا کہ کتاب لکھ کر انہیں بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’آج مجھے بالکل ایسا نہیں لگتا کہ میرے ساتھ ویسا برتاؤ کیا جا رہا ہے جیسا شروع میں کیا جاتا تھا۔ آج ہندوستان میں بہت سے لوگ مجھے بہت پسند کرتے ہیں اور مجھے ہندوستان سے بہت محبت ہے۔‘‘