جمعیۃ علماء ہند کے سابق آرگنائزر مولانا محمد طاہر مظاہری کا 81 سال کی عمر میں انتقال
جمعیۃ علماء ہند کے سابق آرگنائزر مولانا محمد طاہر مظاہری 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ 45 سال تک تنظیم سے وابستہ رہے اور پنجاب و ہماچل میں سیکڑوں دینی مکاتب کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے سابق آرگنائزر مولانا محمد طاہر مظاہری طویل علالت کے بعد 81 سال کی عمر میں اپنے آبائی وطن شہزاد پور میں انتقال کر گئے۔ وہ تقریباً 45 برس تک جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی دفتر سے وابستہ رہے اور اپنی زندگی کا بیشتر حصہ دینی و ملی خدمات کے لیے وقف کر دیا۔
مولانا محمد طاہر مظاہری نے قرآن مجید کی ابتدائی تعلیم اپنے والد قاری شبیر احمد سے حاصل کی، جب کہ مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور سے دورۂ حدیث مکمل کیا۔ انہوں نے 1976 میں جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی دفتر سے اپنی عملی وابستگی کا آغاز کیا۔ تقریباً 44 سال تک تنظیم کی خدمات انجام دینے کے بعد 2020 میں خرابیٔ صحت کے باعث پنشن پر سبکدوش ہوگئے تھے۔
ان کی دینی و ملی خدمات کا ایک نمایاں پہلو ہماچل پردیش اور پنجاب میں دینی مکاتب کا قیام اور ان کا فروغ تھا۔ ان علاقوں میں ایک وقت ایسا بھی تھا جب مسلم شناخت رکھنے والے افراد کے لیے آمد و رفت آسان نہیں تھی۔ ایسے مشکل حالات میں مولانا ظہیر عالم قاسمی مرحوم اور ان کے بعد مولانا محمد طاہر مظاہری نے غیر معمولی عزم و حوصلے کے ساتھ پہاڑی اور دشوار گزار راستے عبور کیے۔ انہوں نے ان علاقوں میں قائم سیکڑوں دینی مکاتب کی نگرانی کی اور ان کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔ ان کی یہ خدمات دینی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم ورثہ ہیں۔
مولانا محمد طاہر مظاہری کے انتقال پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی اور جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر مرکزی مجلس عاملہ کے رکن اور جمعیۃ علماء مغربی یوپی کے صدر مولانا محمد عاقل کی قیادت میں ایک وفد شہزاد پور پہنچا۔ وفد نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے صاحبزادگان سمیت دیگر اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
وفد میں جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے صدر مولانا گلفام، ناظم مولانا سرتاج قاسمی، جمعیۃ علماء قصبہ دیوبند کے صدر مولانا محمد عرفان رشیدی، ناظم قاری دلشاد، مولانا عثمان خورشیدی اور مولانا اطہر حقانی سمیت دیگر افراد شامل تھے۔
جمعیۃ علماء ہند کے قائدین نے مرحوم کے اہل خانہ، متعلقین اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی کامل مغفرت فرمائے، دینی و ملی خدمات کو شرف قبولیت عطا کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے۔ ساتھ ہی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا بھی کی۔
دریں اثنا، جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی دفتر میں مولانا محمد طاہر مظاہری کے ایصال ثواب اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ دفتر کے رفقائے کار نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ جمعیۃ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مولانا طاہر مظاہری کی طویل وابستگی اور خدمات کے باعث ان کی جدائی سے دفتر کا ہر فرد غمزدہ ہے اور ان کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔