بی جے پی اور اکالی دل نے اپنے سیاسی سفر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے: پرگٹ سنگھ

پرگٹ سنگھ نے بی جے پی اور اکالی دل کے اتحاد کو گرو نانک کی فکر کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں نے اپنی سیاسی سفر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے

بی جے پی اور اکالی دل نے اپنے سیاسی سفر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے: پرگٹ سنگھ

چنڈی گڑھ: پنجاب میں 2027 کے اسمبلی انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شرومنی اکالی دل کے درمیان انتخابی اتحاد کے اعلان پر کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پنجاب کانگریس کے صدر پرگٹ سنگھ نے دونوں جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اکالی دل خود کو گرو نانک کی فکر اور نظریے کا نمائندہ قرار دیتا ہے، لیکن بی جے پی کے ساتھ اس کا سیاسی سمجھوتہ اسی نظریے کے خلاف ہے۔

پرگٹ سنگھ نے چنڈی گڑھ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرکاش پرو کے مقدس موقع پر اکالی دل اور بی جے پی نے اتحاد کے حوالے سے جو بات کہی ہے، اس سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ امت شاہ اور سکھبیر سنگھ بادل نے اپنی سیاسی جدوجہد کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔

کانگریس لیڈر نے دونوں جماعتوں کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے تک بی جے پی اور اکالی دل دونوں دعویٰ کر رہے تھے کہ وہ اپنے بل بوتے پر انتخابات لڑیں گے۔ دونوں جماعتوں نے الگ الگ انتخابی میدان میں اترنے کی بات کہی تھی، لیکن اب انہوں نے اتحاد کا اعلان کردیا ہے۔ پرگٹ سنگھ کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں جماعتوں میں اب اکیلے انتخاب لڑنے کی طاقت باقی نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام اب سیاسی جماعتوں کے طرزِ عمل اور ان کے سیاسی مفادات کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ بی جے پی، شرومنی اکالی دل اور عام آدمی پارٹی کی سیاست بھی عوام کی نظروں میں ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام ہی اپنے ووٹ کے ذریعے حتمی فیصلہ کریں گے۔

اس سے قبل شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل منگل کو نئی دہلی میں واقع بی جے پی کے مرکزی دفتر پہنچے تھے، جہاں ان کی بی جے پی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد کے امکانات مزید واضح ہوگئے تھے۔ دوسری جانب، اس سیاسی پیش رفت پر پنجاب کانگریس کے صدر پرگٹ سنگھ نے تنقید کی۔ انہوں نے دونوں جماعتوں کو اتحاد کے لیے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اصل مسائل اب بھی اپنی جگہ موجود ہیں۔

پرگٹ سنگھ نے نیوز ایجنسیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے ساتھ جو کچھ ہوا، پنجاب کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اور بادل خاندان نے جو اقدامات کیے، ان سوالات کے جواب اب بھی باقی ہیں۔ انہوں نے بی جے پی اور اکالی دل کے اس اتحاد کو غیر منطقی، بے سمت اور مکمل طور پر موقع پرستانہ سیاست قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

کرتارپور کوریڈور کے معاملے پر بات کرتے ہوئے پرگٹ سنگھ نے کہا کہ اس کی شروعات کانگریس حکومت نے کی تھی اور اس سلسلے میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا خصوصی کردار تھا۔ انہوں نے اس منصوبے کو کانگریس حکومت کی ایک اہم پہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تاریخی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ امت شاہ نے منگل کو بی جے پی اور شرومنی اکالی دل کے درمیان 2027 کے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے اتحاد کا اعلان کیا تھا۔ ان کے مطابق دونوں جماعتیں ریاست کی تمام 117 اسمبلی نشستوں پر مل کر انتخاب لڑیں گی۔ امت شاہ نے یہ بھی کہا تھا کہ اتحاد میں اکالی دل بڑے بھائی کا کردار ادا کرے گا۔